اسلام ٹائمز۔ حماس تحریک نے اعلان کیا كہ صیہونیوں کی دہشت گرد کابینہ اپنے جرائم کے نتائج کی پرواہ کیے بغیر، اپنی قتل و غارتگری اور نسل کشی کی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق صوبہ خان یونس میں واقع ایک سکول میں صیہونیوں کی طرف سے کیے گئے نئے جرم کے ردعمل میں تحریک حماس نے اعلان کیا کہ یہ قتل عام قابض حکومت کی نسل کشی کی جنگ کا عروج ہے۔ حماس نے مزید کہا ہے کہ ہم ان ہلاکتوں کی مذمت اور نسل کشی کی جنگ کو روکنے کے لیے دنیا کے تمام شہروں میں احتجاجی مارچ کا مطالبہ کرتے ہیں۔ فلسطین کی اس تحریک نے کہا کہ صیہونیوں کی دہشت گرد کابینہ ان جرائم کے نتائج سے قطع نظر اپنے قتل اور نسل کشی کی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔
حماس نے عرب اور اسلامی ممالک کے عوام اور دنیا کے تمام آزاد لوگوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنا احتجاج دوبارہ شروع کریں اور غزہ میں فلسطینی عوام کی مدد کے لیے اقدامات کریں۔ آخر میں، حماس نے مغربی کنارے کے لوگوں اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے شہریوں کی حمایت، پشتیبانی اور صیہونی دشمن کا مقابلہ کرنے کے تمام ذرائع کو فعال کریں۔ چند گھنٹے قبل غاصب اسرائیلی حکومت کے فوجیوں نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع صوبہ خان یونس میں ایک خوفناک جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے ایک اسکول پر فضائی حملہ کرکے 29 فلسطینیوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کردیا۔