اسلام ٹائمز۔ سابق مرکزی وزیر اور سینیئر کانگریس لیڈر سلمان خورشید نے ’انڈین اسلامک کلچرل سینٹر‘ کے انتخابات کو لے کر کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اسی طرح سے گرماہٹ باقی رہے، اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ہم جمہوریت کو برقرار رکھ پائیں گے۔ اُنہوں نے آر ایس ایس کی دخل اندازی کے بارے میں کہا کہ ایسے لوگ جو ان سے جڑ رہے ہیں، اُن سے الگ اس لئے ہو رہے ہیں۔ سلمان خورشید نے کہا کہ اُنہیں ایسا لگتا ہے کہ وہ بہتر بن جائیں گے لیکن اس میں کسی بھی سیاسی پارٹی کا دخل نہیں ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے دخل و بالادستی سے معاشرے کی فلاح و بہبود کیسے ہوسکتی ہے اگر اس سوچ کو جبراً نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے جمہوری نظام کے ساتھ ہی فلاح و بہبودی والے ہوسکتے ہیں۔
سلمان خورشید نے کہا کہ ہم نے انڈیا الائنس کی تشکیل اسی بنیاد پر رکھی ہے تاکہ جمہوریت برقرار رکھ سکیں۔ پارلیمانی انتخابات کے بعد ملک میں ماب لنچنگ کی وارداتوں میں اضافے کو لے کر اُنہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکے وہ بوکھلاہٹ کے شکار ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کھسیانے پن میں اُن کے کارکنان نظام کو خراب کر کے خود بدامنی پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی اقتدار میں نہیں ہیں لیکن ہمیں اس کے خلاف لڑنا چاہیئے۔ اُنہوں نے کہا کہ جو معاملے کورٹ میں ہیں اس بارے میں ہم کچھ بھی نہیں کہہ سکتے ہیں، اس بارے میں ہم صرف کورٹ میں بحث کر سکتے ہیں۔ سلمان خورشید نے کہا کہ ہم کورٹ کے فیصلے کے بعد دیکھیں گے کہ حکومت کیا کارروائی کر رہی ہے۔