0
Wednesday 10 Jul 2024 19:09

نوجوان منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں، فورس کمانڈر گلگت بلتستان

نوجوان منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں، فورس کمانڈر گلگت بلتستان
اسلام ٹائمز۔ یونیورسٹی آف بلتستان سکردو میں لالک جان شہید (نشان حیدر) سکالر شپ آف ایکسلینس پروگرام کے تحت تعلیمی وظائف تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی۔ فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل کاشف خلیل تقریب کے مہمان خصوصی تھے، تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلتستان سکردو پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان، صوبائی وزیر منصوبہ بندی راجہ ناصر عبد اللہ خان، رکن گلگت بلتستان اسمبلی کلثوم فرمان، نامور سکالر یوسف حسین آبادی، ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال یونیورسٹی اقبال شہزاد، تقی اخونزادہ سمیت طلبہ و طالبات اور فیکلٹی نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل کاشف خلیل نے کہا کہ وطن عزیز کو ترقی سے ہمکنار کرنے کے لیے ہمیں معاشی طور پر مستحکم ہونا ہو گا۔
 
انہوں نے کہا کہ استحکام معاشی ترقی سے مربوط ہے، وطن عزیز کے نوجوان صلاحیتوں سے بھرپور ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان اپنی توانائیوں کو ملکی ترقی اور استحکام کے لیے بروئے کار لائیں، ہمیں خود کفالت کی طرف بڑھنا ہو گا۔ نوجوان معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں، نوجوان مایوسی کا شکار نہ ہوں، مایوسی کے خاتمے کے لئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف بلتستان سکردو کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ لالک جان شہید سکالرشپ کا اجراء نوجوانوں کو تعلیمی طور پر خود کفیل بنانے کے لیے شروع کیا گیا تاکہ وہ پڑھ لکھ کر ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔
 
انہوں نے کہا کہ سکالرشپ کا اجراء مستقبل قریب میں بھی جاری رہے گا۔ یونیورسٹی آف بلتستان کے طلباء کے لیے کھیلوں کے مواقع پیدا کرنے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھی پاک آرمی اپنا کردار ادا کرے گی، فیکلٹی اور طلباء کے لیے تعلیمی اور تحقیقاتی دوروں کا انعقاد جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے لیے تعلیم ہی واحد ہتھیار ہے، نوجوانوں کو خود مختار بنانے کی ضرورت ہے، تفرقہ پھیلانے اور وطن عزیز کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والے عوامل کی ہر صورت حوصلہ شکنی ہونی چاہئے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تفرقہ پھیلانے والوں اور منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوجائیں، ترقی کے حصول کے لیے ہمیں درست سمت کا انتخاب کرنا پڑے گا۔
 
 انہوں نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی کی نحوست سے نجات دلائیں گے۔ فورس کمانڈر نے کہا کہ آئی ٹی یوتھ کو خود مختار کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، حکومت گلگت بلتستان کے ساتھ مل کر 14 مقامات پر آئی ٹی حب بنائے جائیں گے اور خاص طور پر ان علاقوں کو ترجیح دی جائے گی جہاں یہ سہولت موجود نہیں، ہمیں دیرپا ترقی کے لیے ہر طرح کے اختلافات کو ختم کرنا پڑے گا، روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی ضروری ہے، گلگت بلتستان میں سیاحت، زراعت، ماہی گیری اور معدنیات کے شعبے میں بڑے مواقع ہیں، نوجوان ہماری سب سے بڑی طاقت ہیں، موجودہ دور میں سب سے بڑا ہتھیار تعلیم آگاہی اور اتحاد ہے، بھائی چارے اور محبت کے ساتھ ملک و قوم کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ملک کی بہتری اور مفاد کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلتستان سکردو پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعہ بلتستان کی سرپرستی میں پاک آرمی نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے، پاک آرمی نے ہمیشہ اس نوزائیدہ یونیورسٹی کی حوصلہ افزائی کی، نوجوان خود کو علوم اور فنون سے آراستہ کر کے ملکی ترقی، استحکام اور یکجہتی میں اپنا کردار ادا کریں، نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں، ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہئے۔ ہمیں اپنے شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے، سی پیک کی وجہ سے خطے کی اہمیت بڑھ گئی ہے، یونیورسٹی آف بلتستان سکردو خطے میں تعلیمی انقلاب کے لیے کوشاں ہے۔
 
 ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر حاجی کریم خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ یونیورسٹی آف بلتستان سکردو کی نئی عمارت مکمل ہے اور ہم نئی عمارت میں شفٹ ہونا چاہتے ہیں تاہم یونیورسٹی کی نئی عمارت تک سٹرک ابھی تک نہیں بنی جس کے باعث نئی عمارت میں شفٹ ہونے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے فورس کمانڈر سے گزارش کی کہ وہ سڑک کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔ بعد ازاں جامعہ ہٰذا کے 15 طلباء میں تعلیمی وظائف کے چیکس تقسیم کیے گئے۔
خبر کا کوڈ : 1146949
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش