اسلام ٹائمز۔ وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے بعد پیپلز پارٹی کراچی میں ایک عظیم الشان جلسہ عام کرے گی، پارٹی کے تمام نئے ضلعی عہدیداران کراچی میں پارٹی کو مضبوط اور مستحکم کرنے اور نئے کارکنوں کو پارٹی میں شامل کرنے پر توجہ مرکوز کریں، تمام اضلاع آئندہ سال کنٹونمنٹ کے انتخابات کے لئے تیاریاں شروع کردیں، جلد ہی اس سلسلے میں اہم اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز سیکرٹریٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی سید وقار مہدی، مرزا مقبول، خالد صابن والا، ذوالفقار قائمخانی، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری آصف خان، شکیل چوہدری، تمام نومنتخب ڈسٹرکٹ کے صدور، سنئیر نائب صدر، جنرل سیکرٹریز و انفارمیشن سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیپلز یوتھ، پیپلز اسٹوڈنٹ فیڈریشن، پیپلز ڈاکٹر فورم، پیپلز لائرز فورم، پیپلز انجنئیرنگ، پیپلز منارٹی ونگ سمیت تمام ذیلی تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے شہید قائدین اور پارٹی کے شہید کارکنوں بالخصوص ڈسٹرکٹ کورنگی میں کچھ دنوں میں 2 شہید ہونے والے کارکنوں کی مغفرت کے لئے دعا کروائی۔ اس موقع پر تمام نومنتخب صدور، سنئیر نائب صدور، جنرل سیکرٹریز اور انفارمیشن سیکریٹریز نے اپنا تعارف کروایا اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری، ادی فریال، نثار کھوڑو، وقار مہدی اور سعید غنی کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پارٹی کو کراچی میں مزید فعال اور مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
سعید غنی نے کہا کہ تمام نومنتخب عہدیداران پارٹی کے نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنائیں گے اور ہماری کوشش ہونی چاہیئے کہ اس شہر میں پارٹی مزید مضبوط ہو اور نئے کارکنان اس میں شامل ہوں اس ہے لئے اقدامات کریں۔ سعید غنی نے کہا کہ تمام سابقہ عہدیداران نے پارٹی کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ان کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ سعید غنی نے ہدایات دی کہ تمام عہدیداران روزانہ کی بنیاد پر اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں عوام سے رابطے کو تیز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال بعد کنٹونمنٹ کے انتخابات ہونے ہیں اس کے لئے تمام تیاریوں کا آغاز کردیں اور جلد ہی اس سلسلے میں اجلاس طلب کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پارٹی میں اختلاف رائے ضرور ہوتے ہیں اور ہونا بھی چاہیئے۔ سعید غنی نے کہا کہ کسی بھی تنظیم کے پاکستان بھر میں اتنے اجلاس نہیں ہوتے جو پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے ہوتے ہیں۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ نئے عہدیداران کی ذمہ داریاں زیادہ ہوگئی ہیں اور ان کی ذمہ داریوں میں ناراض کارکنان کو بھی ساتھ لے کر چلنا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ محرم الحرام کے بعد کراچی ڈویژن کے تحت ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کیا جائے گا۔