اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ بجلی ٹیرف پر نظرثانی کے حکومتی دعوے جھوٹ ہیں، آئی پی پیز سے معاہدے ختم کیے جائیں، کسی دھوکے میں نہیں آئیں گے، حکومت قلابازیاں مار رہی ہے، رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں، جماعت اسلامی ہر حال میں 12جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دے گی، پورے ملک میں کیمپنگ کا آغاز کر دیا، عوام کی ترجمانی کر رہے ہیں، اسلام آباد اور پنڈی انتظامیہ کو دھرنے کے بارے میں اطلاع دے دی، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن دھرنے کی قیادت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
امیر العظیم نے حکومت کو خبردار کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی، ناجائز ٹیکسز کی واپسی اور آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظرثانی کے عوامی مطالبات منظور نہ ہوئے تو ملک گیر شٹر ڈاون کی کال دیں گے اور آئی پی پیز کے باہر احتجاجی دھرنے دیں گے اور عوامی عدالتیں لگائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ پندرہ برس میں آئی پی پیز کو 42ارب ڈالر ادا کیے گئے، دوسری طرف حکمران آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر کا امدادی پیکیج لینے کے لیے لیٹے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مہنگی بجلی سے معیشت تباہ ہو رہی ہے، کارخانے بند، صنعت کار بیرون ملک سرمایہ کاری پر مجبور ہو گئے، بے روزگاری میں خوف ناک اضافہ ہو رہا ہے اور ملک ایک کنزیومر سوسائٹی میں تبدیل ہو گئی، سستی بجلی معیشت کے لیے لائف لائن ہے، حکومت عوام کو ریلیف دے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ جعلی حکومت ختم کرنے کے لیے سب پارٹیوں کو دعوت دیتے ہیں کہ ہمارے ساتھ آئیں۔