اسلام ٹائمز۔ پنجاب پولیس کے 45 افسران اور اہلکار مبینہ طورپر منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث اور اسمگلر وں کے سہولت کار نکلے۔ آئی جی پنجاب کے مراسلے نے پنجاب پولیس کے افسران اور اہلکاروں کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ آئی جی پنجاب نے اپنے مراسلے میں منشیات کی اسمگلنگ اور سہولت کاری میں ملوث اہلکاروں اور افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ رپورٹ کے مطابق منشیات کی اسمگلنگ اور اسمگلروں کی سہولت کاری میں ملوث اہلکاروں میں لاہور کا انسپکٹر مظہر اقبال، گوجرانوالہ کا سب انسپکٹر محمد عاطف، حافظ آباد کا انسپکٹر احد حسین، سب انسپکٹر لیاقت حسین اور راولپنڈی کا سب انسپکٹر سرمد الیاس شامل ہے۔ اس کے علاوہ اٹک سے سب انسپکٹر املاک حسین، سب انسپکٹر حسین شاہ، ایس ایچ او منور گجر، مظفر گڑھ سے ڈی ایس پی ریحان رسول، انسپکٹر اظہر حیدر اور سب انسپکٹر صابر کلاسرہ بھی اس دھندے میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور کینٹ اور ڈی ایچ اے سمیت مختلف سوسائٹیز میں منشیات بیچنے والے بین الاقوامی گینگ کے ارکان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی عمران کشور نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اطالوی شہری قمر مظفر، اسپین کے شہری عرفان اور برطانوی شہری عماد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان اٹلی، اسپین، ہالینڈ اور بیلجیم سے منشیات اسمگل کرواتے تھے، ملزمان سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات بھی برآمد کی گئی۔ ڈی آئی جی کے مطابق ملزمان سے ساڑھے چار کلو کوکین، 10کلو 800 گرام ڈانسنگ پلز اور 7 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان ایلیٹ کلاس علاقوں، کالجز، یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرتے تھے۔