اسلام ٹائمز۔ بلوچستان میں یوم عاشور کے جلوس کے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے پولیس، ایف سی اور ضلعی انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ جس میں عاشورہ کے جلوسوں کی بہتر سیکیورٹی کے لئے کنٹرول روم قائم کرنے سمیت دیگر فیصلے ہوئے۔ کوئٹہ میں ہیڈکوارٹرز ایف سی بلوچستان (نارتھ) میں محرم الحرام کے حوالے سے مشترکہ سیکیورٹی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل چوہدری امیر اجمل، آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ، کمشنر کوئٹہ محمد حمزہ شفقات سمیت دیگر سول انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ کانفرنس میں شمالی بلوچستان میں محرم الحرام کے حوالے سے مختلف سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ کانفرنس میں مختلف اضلاع میں برآمد ہونے والے جلوسوں کی صورتحال کا جائزہ لینے اور بہتر سیکیورٹی کی فراہمی کیلئے کنٹرول روم بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایف سی بلوچستان (نارتھ)، بلوچستان پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تر انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔