اسلام ٹائمز۔ وزارت خارجہ نے افغان حکومت کے ترجمان کے پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات کی سہولت کاری کی پیشکش کو مسترد کر دیا۔ ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کا ہمسایوں کیخلاف استعمال بند کرے، غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو انخلاء کا عمل جاری ہے، پاکستانی اور دیگر ممالک کے شہریوں کے قتل میں ملوث گروپ سے بات نہیں ہوگی، افغانستان کی خود مختاری کا احترام ہے،ا فغان حکومت اپنی سرزمین کا ہمسایوں کیخلاف استعمال بند کرے۔ واضح رہے کہ ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن ہمارے لئے انتہائی ضروری ہے، ہم نے پاکستان کو بارہا اپنی مدد کی یقین دہانی کرائی ہے، پھر بھی اگر کوئی تحفظات ہیں تو پاکستان ہم سے بات کرے۔ ذبیح اللہ مجاہد کا بیان ایسے وقت پر سامنے آیا تھا جب وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے کہا تھا کہ اس کے تحت سرحد پار افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف بھی کارروائی کی جا سکتی ہے۔