اسلام ٹائمز۔ محرم الحرام کے سلسلے میں کراچی بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق محرم الحرام کی مناسبت سے سندھ رینجرز اور پولیس نے کراچی اور اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں مشترکہ فلیگ مارچ کیا۔ ترجمان سندھ رینجرز نے بتایا کہ فلیگ مارچ کراچی سپر ہائی وے، نارتھ ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، شاہ لطیف ٹاؤن، شاہراہ فیصل، کورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، صدر ٹاؤن اور جمشید ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں کیا گیا۔ اس کے علاوہ فلیگ مارچ حیدرآباد، جامشورو، دادو، میرپور خاص، ٹنڈو محمد خان، عمر کوٹ، چھاچھرو، سکھر، روہڑی، صالح پٹ، نواب شاہ، شہدادپور، سانگھڑ، سنجرو، کنڈیارو، بدین، ٹھٹھہ اور سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی کیا گیا۔ فلیگ مارچ کے دوران اہم امام بارگاہوں اور جلوس کی گزرگاہوں کا معائنہ بھی کیا گیا جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں میں اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔