0
Thursday 11 Jul 2024 19:55

ایم کیو ایم اگر کراچی کے لیے سنجیدہ ہوتی تو اس شہر کا یہ حال نہ ہوتا، منعم ظفر خان

ایم کیو ایم اگر کراچی کے لیے سنجیدہ ہوتی تو اس شہر کا یہ حال نہ ہوتا، منعم ظفر خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اگر کراچی کے لیے سنجیدہ ہوتی تو اس شہر کا یہ حال نہ ہوتا، 35 سال میں ایم کیو ایم نے صرف اقتدار کے مزے لیے ہیں، ہم کراچی میں بلدیاتی نظام مضبوط کرنے کی باتیں سن رہے ہیں لیکن عملی کوئی کام نہیں ہو رہا، نالوں پر تجاوزات کے خاتمے کے زمرے میں جن کے گھر گرائے گئے آج تک انہیں اس کا متبادل نہیں ملا۔ ادارہ نورِ حق کراچی میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ہر جگہ ایم کیو ایم حصے دار بن جاتی ہے، نیچے سے اوپر تک کرپشن کا بازار گرم ہے تو اس میں یہی سب شامل ہیں۔ امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے کہا کہ ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، کراچی میں بھی بارانِ رحمت برس رہی ہے، کراچی میں زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں برسات کے دوران نکاسی کا کوئی نظام نہیں، کراچی کے چھوٹے بڑے برساتی نالے کچرے سے بھرے ہیں۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے کہا کہ کے ایم سی اور ٹاؤن میونسپل بلدیاتی نظام درست کرنے میں ناکام ہے، بلدیہ عظمی کراچی ٹاؤن انتظامیہ کو شہر کی صفائی کے لیے فنڈز اور وسائل نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ متاثرین کو فوری متبادل جگہ دے یا رقوم ادا کرے، ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کے نالوں کو فوری صاف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں کے الیکٹرک نے کراچی کے عوام پر ظلم و جبر کے پہاڑ گرا رکھے ہیں، شہر میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، 15 سے 18 گھنٹے بجلی بند کی جا رہی ہے۔ امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر نے یہ بھی کہا ہے کہ یہ تمام نیپرا، حکومت اور کے الیکٹرک کے گٹھ جوڑ کی کڑی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ریاست فوری طور پر کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرے، اس کا فوری فرانزک آڈٹ کروایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 1147159
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش