0
Saturday 27 Jul 2024 09:49

مودی حکومت کیطرف سے 370، 35اے کی منسوخی کشمیریوں کے حقوق پر ایک بڑا حملہ تھا، ڈاکٹر فائی

مودی حکومت کیطرف سے 370، 35اے کی منسوخی کشمیریوں کے حقوق پر ایک بڑا حملہ تھا، ڈاکٹر فائی
اسلام ٹائمز۔ ورلڈ کشمیر ایوائیرنس فورم کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا ہے کہ مودی حکومت کی طرف سے 5 اگست 2019ء کو دفعہ 370 اور 35اے کی منسوخی جموں و کشمیر کے لوگوں کے حقوق پر ایک بڑا حملہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اقوام متحدہ کی 1951ء کی قرارداد 90، 24 جنوری 1957ء کی قرارداد 122، 21 فروری 1957ء کی قرارداد 123 اور دسمبر 1957ء کی612 کی کھلی خلاف ورزی ہے جو ریاست جموں و کشمیر کی متنازعہ نوعیت کو تبدیل کرنے کے لیے کسی بھی یکطرفہ اقدام سے منع کرتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر غلام نبی فائی نے ان خیالات کا اظہار ورجینیا میں سردار آفتاب روشن خان کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی انتظامیہ کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی وجہ سے مقبوضہ علاقے کشمیر نسل کشی کے دہانے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کشمیری اور کشمیریوں کے دوست اور حامی تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل تک جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ 

کشمیر امریکن ویلفیئر ایسوسی ایشن (کاوا) کے جوائنٹ سیکرٹری سردار شعیب ارشاد نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ 4 اگست بروز اتوار شام 4 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان تاریخی ٹائمز اسکوائر نیویارک میں بھارت کے خلاف ایک پرامن احتجاج کیا جائے گا۔ سردار زبیر خان، سردار ذوالفقار روشن خان نے واشنگٹن میٹروپولیٹن ایریا میں رہنے والے ہر کشمیری و پاکستانی تارکین وطن پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس احتجاج کو نیویارک کے میٹروپولیٹن ایریا میں رہنے والے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مل کر کر رہے ہیں۔ ابراہیم کھوکھر نے کہا کہ تصفیہ طلب تنازعہ کشمیر عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں کہا کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

اجلاس سے مہمان خصوصی اور ضلع پونچھ کے سابق ڈی آئی جی سردار گلفرا خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اور نیویارک میٹروپولیٹن علاقوں میں مقیم تارکین وطن کشمیریوں، پاکستانیوں کو ٹائمز اسکوائر نیویارک میں ہونے والے پرامن احتجاج میں ضرور شرکت کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہمارے بھائی بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور ہم ان قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ آزاد کشمیر کے ڈائریکٹر سیاحت ملک فیاض نےے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ کشمیر کا تنازعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 1150258
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش