اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ نے جمعے کے روز اعلان کیا کہ گذشتہ چار دنوں میں خان یونس پر اسرائیل کے حملے کے نتیجے میں 180,000 سے زائد فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں۔ فارس نیوز کے مطابق اس بیان میں کہا گیا ہے کہ خان یونس کے علاقے میں تنازعات کی شدت نے جبری داخلی ہجرت کی نئی لہر کو جنم دیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق پیر اور جمعرات کی درمیانی شب ایک لاکھ 82 ہزار سے زائد فلسطینی خان یونس کے وسطی اور مشرقی علاقوں سے دوسری جگہوں پر منتقل ہوئے ہیں جبکہ مزید سینکڑوں مشرقی خان یونس میں پھنسے ہوئے ہیں۔ پیر کو اسرائیلی فوج نے خان یونس کے کچھ حصوں کو خالی کرنے کا حکم دیا تھا۔