اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز غزہ کی پٹی کے ایک پرہجوم محلے کو خالی کرنے کا حکم دیا، جسے سیف زون قرار دیا گیا تھا۔ فارس نیوز کے مطابق اپنی تازہ ترین کارروائی میں اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ وہ خان یونس اور المواسی کیمپ میں نئی کارروائیاں کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اب اس علاقے میں ہزاروں فلسطینی پناہ گزین مقیم ہیں اور اس علاقے کو پہلے ایک "سیف زون" کے طور پر معرفی کیا گیا تھا، جہاں انسانی امداد تقسیم کی جاتی تھی۔ المواسی کیمپ کو خالی کرنے کا حکم ایسے وقت جاری کیا گیا ہے جبکہ اسرائیلی فوج نے اس سے قبل خان یونس کے جنوبی محلوں کے مکینوں کو اس کیمپ میں منتقل ہونے کو کہا تھا۔
غزہ کی پٹی میں صیہونی حکومت کے زمینی اور فضائی حملے جاری ہیں۔ خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق رفح کے شمال میں ایک گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں 5 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ جنگ میں فلسطینی شہداء کی تعداد 39 ہزار 100 سے زائد ہوگئی ہے اور صیہونی حکومت کے راکٹ اور توپ خانے کے حملوں میں غزہ کی پٹی کا ایک بڑا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔