اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں میں مجدل شمس کے علاقے میں تقریباً 40 صہیونیوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کے بعد قابض حکومت کے حکام نے حزب اللہ کے خلاف ہمہ گیر جنگ کی دھمکی دے دی ہے۔ فارس نیوز کے مطابق لبنان کی حزب اللہ نے ایک سرکاری بیان میں مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں کے علاقے مجدل الشمس پر حملے کی سختی سے تردید کی ہے، جبکہ صیہونی حکام ہمہ گیر جنگ کی دھمکی دے رہے ہیں۔ اسرائیلی وزیر خارجہ یسرائیل کاتز نے مجدل شمس واقعے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ حزب اللہ نے ریڈ لاینز عبور کر لی ہیں اور ہم اس جماعت کے ساتھ ایک ہمہ جہت جنگ کے قریب پہنچ رہے ہیں۔
اسرائیل کے چینل 12 نے نیتن یاہو کے ایک قریبی عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا کہ مجدل شمس پر حملہ شمالی محاذ پر ہونے والی محاذ آرائیوں میں ڈرامائی تبدیلی کا باعث بنے گا۔ والا سائٹ نے صہیونی فوج کے حوالے سے بھی کہا کہ ہم نے مجدل شمس کے باشندوں کو حملے سے پہلے خبردار نہیں کیا تھا اور نہ ہی ضروری اقدامات کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ مجدل شمس میں جو کچھ ہوا، اسے بے جواب نہیں چھوڑا جائے گا اور ہمارا جواب بہت سخت ہوگا۔ اسرائیلی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مجدل شمس پر راکٹ حملے کے پیچھے حزب اللہ کا ہاتھ ہے۔ اس سے قبل صیہونی حکومت کے میڈیا نے مجدل شمس کے علاقے پر راکٹ حملے کے دوران نو اسرائیلیوں کے ہلاک اور تیس کے زخمی ہونے کی خبر دی تھی۔ ادھر لبنان کی حزب اللہ نے ایک سرکاری بیان میں صہیونی میڈیا کے دعوے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے مجدل شمس پر حملے کی تردید کی ہے۔