اسلام ٹائمز۔ شامی میڈیا نے شام کے مشرقی صوبہ دیر الزور میں واقع کونیکو گیس فیلڈ کے قریب واقع غیرقانونی امریکی فوجی اڈے پر متعدد میزائل حملوں کی اطلاع دی ہے۔
اس حوالے سے عرب چینل المیادین نے اعلان کیا ہے کہ شامی کونیکو گیس فیلڈز کے قریب متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں واقع غیرقانونی امریکی ملٹری بیس پر تیسرے وسیع میزائل حملے کے باعث تھیں۔
اس حملے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے شامی میڈیا کا کہنا ہے کہ مذکورہ غیرقانونی امریکی فوجی اڈے پر کم از کم 10 تباہ کن میزائل فائر کئے گئے ہیں جس کے بعد امریکی فوج کے ہیلی کاپٹروں نے علاقے میں گشت شروع کر دیا اور امریکی توپخانے نے کونیکو آئل اینڈ گیس فیلڈز کے قریبی علاقوں کو نشانہ بنایا۔
رپورٹ کے مطابق ان شدید میزائل حملوں سے غیرقانونی امریکی فوجی اڈے کو سخت نقصان پہنچا ہے جس سے غیرقانونی امریکی فوجی اڈے میں وسیع آگ بھی بھڑک اٹھی اور متعدد قابض امریکی فوجیوں کی ہلاکت متوقع ہے
بعدازاں صوبہ دیر الزور کے آسمان پر کونیکو آئل فیلڈز کے ارد گرد امریکی فوج کے ڈرون طیاروں (UAVs) و جنگی ہیلی کاپٹروں کی پروازیں بھی جاری رہیں۔