اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت خراسان تا نمائش چورنگی احتجاجی ماتمی ریلی نکالی گی۔ریلی سے مولانا باقر زیدی، مولانا صادق جعفری، مولانا مولانا منہال بنگش، مولانا حیات عباس، علامہ مبشر حسن، مولانا ملک عباس جبکہ پاراچنار سے آغا تجمل عباس نے ٹیلفونک خطاب کیا۔ رہنماوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار کے مظلوم عوام طویل عرصے سے دہشت گردانہ کارروائیوں کا شکار ہیں، علاقے کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے کے لیے سازشی عناصر ہمیشہ سرگرم رہتے ہیں۔
علامہ صادق جعفری نے کہا کہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت ضلع کرم کے باسیوں کو ایک دوسرے کے خلاف صف آراء کیا جا رہا ہے، ضلع کرم میں بدترین فساد برپا کرنے کی جو چال چلی جا رہی ہے اس کے نتائج انتہائی بھیانک ثابت ہو سکتے ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ ضلع کرم کے بابصیرت و دانشمند عوام ملک دشمنوں کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں، انشاءاللہ وہ دشمن کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، قومی سلامتی کے ذمہ دار اداروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ملک کے حساس ترین خطے میں اس خونی کھیل کو روکیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اگر کسی غفلت کا مظاہرہ کیا تو اس فتنے کو روکنے کے لئے ملک بھر سے پاراچنار کی طرف امن مارچ کا اعلان کیا جائے گا۔