اسلام ٹائمز۔ غزہ کی وزارت صحت نے فلسطینی شہداء کی تعداد کے حوالے سے اپنے تازہ ترین اعدادوشمار میں اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں کے بعد گذشتہ گھنٹوں کے دوران فلسطینی شہداء اور زخمیوں کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔ فارس نیوز کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے آج سہ پہر غزہ کی پٹی میں جنگ کے 295ویں دن کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں مزید 4 بڑے پیمانے پر قتل عام کیے ہیں، جس کے نتیجے میں 41 شہید اور 103 زخمیوں کو غزہ کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ وزارت نے مزید اعلان کیا کہ 7 اکتوبر سے اب تک فلسطینی شہداء کی تعداد 39 ہزار 258 ہوگئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 90 ہزار 589 ہوگئی ہے۔
اپنے سابقہ بیانات کی طرح غزہ کی وزارت صحت نے ایک بار پھر نشاندہی کی کہ ملبے تلے اب بھی بڑی تعداد میں فلسطینی شہداء موجود ہیں۔ اس بیان میں جنوبی غزہ کے علاقے دیر البلح میں صیہونی حکومت کی فوج کے آج کے جرم کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں 30 فلسطینی شہید اور 100 زخمی ہوئے ہیں۔ آج صبح اسرائیلی فوج نے دیر البلح میں خدیجہ اسکول پر حملہ کرکے درجنوں فلسطینی پناہ گزینوں کو شہید کر دیا۔ غزہ کی پٹی میں شہداء اور زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ اس خطے کو طبی سامان کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور انسانی امداد کو اس علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔