اسلام ٹائمز۔ عرب چینل العربی کے نامہ نگار نے اعلان کیا ہے کہ شامی مقبوضہ گولان ہائیٹس میں واقع "مجدل الشمس" نامی قصبے میں ہونے والے دھماکے کی جگہ پر موجود متعدد عینی شاہدین نے انہیں بتایا ہے کہ اس زوردار دھماکے کی وجہ "اسرائیلی فضائی دفاع" کی جانب سے فائر ہونے والا میزائل تھا۔ عرب چینل کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ "جبل الشیخ" کی بلندیوں پر نصب آئرن ڈوم سسٹم سے فائر کیا گیا میزائل سیدھا فٹ بال گراؤنڈ میں آ گرا۔
العربی کے رپورٹر نے تاکید کی کہ مجدل الشمس کے رہائشی گذشتہ روز سہ پہر کے اس واقعے کے حوالے سے اسرائیل کی جانب سے جاری ہونے بیان پر یقین نہیں رکھتے (کہ یہ حملہ حزب اللہ لبنان نے کیا ہے) جبکہ اس حوالے سے ایک اسرائیلی امدادی کارکن نے بھی العربی کے رپورٹر کو بتایا کہ کئی عینی شاہدین کا خیال ہے کہ اسرائیلی دفاعی میزائل اور آئرن ڈوم سسٹم ہی دھماکے کا باعث ہے! اسرائیلی ریلیف ورکر نے اپنی گرفتاری کے خوف سے انٹرویو دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے الفاظ اس کی "تاحیات قید" کا باعث بن سکتے ہیں۔