اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے رہنما زاہد صفی نے کہا ہے کہ بھارت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتا۔ ذرائع کے مطابق زاہد صفی نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے غیر قانونی قبضے کو طول دینے کے لیے فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کر رہا ہے جو کہ دہشت گردی اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو اسرائیلی طرز پر ایک فوجی چھائونی بنا دیا ہے اور علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں بھارتی فوجیوں کی تعیناتی کے باوجود بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کمزور کرنے میں ناکام رہا ہے اور کشمیری اپنی تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ناممکن ہے۔ حریت رہنما نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے بی جے پی حکومت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کو مسترد کرتے ہوئے 5 اگست کو ”یوم استحصال کشمیر” کے طور پر منائیں۔