اسلام ٹائمز۔ وہاڑی سے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی 2 بھائیں کیخلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایم این اے اورنگزیب کھچی اور ایم پی اے جہانزیب کھچی پر سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرنے اور سرکاری ملازمین سے ساز باز کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے درج ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کے دونوں ارکان اسمبلی بھائیوں پر سرکاری رقبے پر قبضے اور فروخت کا الزام ہے۔ دونوں بھائیوں پر محکمہ اوقاف کی زیر انتظام خالصہ کالج سے ملحقہ بوائز کالج کی متروکہ جگہ 17 کنال پر غیر قانونی سڑک تعمیر کرنے کا بھی الزام ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق غیرقانونی پختہ سڑک تعمیر کر کے اپنے نجی ٹاؤن کی کمرشل ویلیو بڑھائی گئی اور حکومت کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ اینٹی کرپشن میں دائر کیس میں پٹواری ثقلین شاہ، فرنٹ مین افتخار اور قیصر عباس کو بھی مقدمے میں ملزم نامزد کیا گیا۔