اسلام ٹائمز۔ بھارتی پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے پیر کو اپنی بجٹ تقریر کے دوران حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی پر شدید حملہ کیا۔ اس دوران راہل گاندھی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ نریندر مودی انکی تقریر کے دوران کبھی ایوان میں نہیں آئیں گے۔ راہل گاندھی بجٹ پر بات کرتے ہوئے حلوہ تقریب کی تصویر دکھا رہے تھے، اس دوران انہوں نے ذات پات کی مردم شماری کا مسئلہ اٹھایا اور پھر وزیراعظم نریندر مودی کے بارے میں پیشین گوئی کی۔
راہل گاندھی نے پارلیمنٹ میں بجٹ سے پہلے منعقد ہونے والی حلوہ تقریب کی تصویر دکھائی تھی۔ اس تصویر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی افسر قبائلی یا دلت طبقے سے نہیں ہے۔ اس کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کا حلوہ تقسیم ہو رہا ہے اور وہاں کوئی قبائلی یا دلت موجود نہیں ہے۔ راہل گاندھی اس بیان کے ذریعے ذات پات کی مردم شماری کا مسئلہ اٹھانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس دوران راہل گاندھی نے کہا کہ ذات پات کی مردم شماری سے ملک بدل جائے گا۔