اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری اور جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے فنکشنل لیگ اور جی ڈی اے کے کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت اور پودے لگائیں، 14 اگست سے سندھ بھر میں شجرکاری مہم زور و شور سے شروع کی جائے۔ اپنے جاری بیان میں سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ پیر صاحب پگارا کی خصوصی ہدایت پر سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوں میں درخت لگائے جارہی ہیں، ہم نے صوبے بھر میں شجرکاری مہم کا آغاز شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ پودے لگا کر انکی آبیاری اور نگرانی کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے ان پودوں کو پانی دینا اور دیکھ بھال بھی ضروری ہے ورنہ تمام محنت رائیگاں جاتی ہے۔
سردار عبدالرحیم نے کہا کہ وطن کی آزادی کے دن کے موقع پر سندھ کو سر سبز اور شاداب بنانے کے لیے سندھ کا ہر بچہ اور ہر فرد شجرکاری مہم میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث گرمی اور حبس میں شدت آتی جارہی ہے جس سے انسانوں اور حیوانوں سب ہی کو مشکلات کا سامنا ہے، ماحول کو بہتر بنانے کے لیے درخت لگانا ضروری ہیں، ماضی میں سندھ میں بڑے پیمانے پر جنگلات تھے جو حکمرانوں کی کرپشن اور معمولی فائدے کے عیوض کاٹ دیئے گئے، تاحال سندھ میں محکمہ جنگلات تو موجود ہے لیکن جنگلات نہیں ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔