اسلام ٹائمز۔ سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے گوادر دھرنے میں فریقین سے فوری طور پر مذاکرات کرنے کی درخواست کی ہے۔ صادق سنجرانی نے اپنے جاری کردہ بیان میں گوادر میں پرتشدد واقعات اور ایف سی اہلکار کے جاں بحق ہونے کی مذمت کی۔ انہوں نے مظاہرین سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کریں۔ پرتشدد واقعات کسی مسئلے کا حل نہیں ہیں۔ صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ بحیثیت چیئرمین سینیٹ انہوں نے چھ سال گوادر میں سرمایہ کاری کا ہر فورم پر مقدمہ لڑا۔ پاکستان اور بلوچستان کا مستقبل گوادر سے وابستہ ہے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ دھرنے اور مزاحمت کی سیاست سے مسائل حل نہیں کئے جاسکتے ہیں۔ انہیں ترک کیا جائے تاکہ گوادر ترقی کرسکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ گوادر کا بین الااقوامی امیج خراب ہونے والے محرکات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ گوادر کو ایسی سیاست اور مسائل میں گھسیٹنا نہیں چاہئے جس سے اسکا امیج خراب ہو۔