اسلام ٹائمز۔ آکسیوس نیوز سائٹ نے ایک اسرائیلی اہلکار کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ بائیڈن انتظامیہ نے اسرائیل کو لبنان کے دارالحکومت بیروت پر کسی بھی حملے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ فارس نیوز کے مطابق ایک امریکی اہلکار کے مطابق، آکسیوس نیوز سائٹ نے اطلاع دی ہے کہ جو بائیڈن انتظامیہ نے تل ابیب کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر حملہ کیا تو حالات قابو سے باہر ہو جائیں گے۔ اس امریکی اہلکار نے آکسیوس کو بتایا کہ ہمارا پختہ یقین ہے کہ بیروت پر کوئی بھی حملہ حزب اللہ کے لیے سرخ لکیر ہے۔
بائیڈن کے مشیر، آموس هوخشتاین نے ہفتے کے روز اسرائیلی وزیر جنگ یوو گیلنٹ سے بھی کہا کہ تل ابیب کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، لیکن اسے ہر طرح کے تنازعے سے گریز کرنا چاہیئے۔ ہفتے کی شام کو مقبوضہ گولان کے قصبے "مجدل شمس" میں دھماکہ خیز مواد سے ٹکرانے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 30 کے قریب زخمی ہوئے، جن میں سے کچھ بچے بھی تھے۔ ادھر لبنان کی حزب اللہ نے ایک سرکاری بیان میں صہیونی میڈیا کے دعوے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے مجدل شمس پر حملے کی تردید کی ہے۔