اسلام ٹائمز۔ ترکیہ کے صدر نے غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کا ذکر کرتے ہوئے اسرائیل کو اسی طرح کے فوجی حملے کی دھمکی دی، جس طرح قره باغ اور لیبیا میں ہوا تھا۔ فارس نیوز کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوغان نے صیہونی حکومت کو فلسطینیوں کی حمایت میں فوجی حملے کی دھمکی دی ہے۔ غزہ میں صہیونی فوج کی طرف سے کیے جانے والے جرائم کا ذکر کرتے ہوئے اردوغان نے کہا کہ ہمیں بہت مضبوط ہونا چاہیئے، تاکہ اسرائیل فلسطین کے ساتھ یہ کام نہ کرسکے۔ اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے، انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح ہم قره باغ اور لیبیا داخل ہوئے، ہم وہی کچھ ان کے ساتھ بھی کرسکتے ہیں۔ ایسا کچھ نہیں ہے، جو ہم نہیں کرسکتے، بس ہمیں صرف مضبوط ہونا پڑے گا۔