اسلام ٹائمز۔ غزہ کی پٹی کے شمال میں فلسطینی مجاہدین نے جاسوسی کرنے والے اسرائیلی فوج کے ڈرون کو نشانہ بنایا اور مار گرایا۔ فارس نیوز کے مطابق الاقصیٰ شہداء بٹالین مزاحمتی گروپ (تحریک الفتح کی عسکری شاخ) نے اعلان کیا کہ آج پیر کے روز اس نے غزہ کی پٹی کے شمال میں قابض فوج کے ایک "اسکائی لارک" جاسوسی ڈرون کو تباہ کر دیا۔ اسکائی لارک ڈرون ان ڈرونز میں سے ایک ہے، جسے اسرائیلی حکومت 30 ہزار کی تعداد میں فرانس، ہالینڈ اور سویڈن سمیت دیگر کئی ممالک کو فروخت کرچکی ہے اور اب تک یہ ڈرون عراق اور افغانستان کی جنگوں میں استعمال ہوچکا ہے۔
یہ خاموش ڈرون اعلیٰ معیار کی تصاویر لینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تاہم غزہ جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک ان میں سے درجنوں ڈرون طیارے غزہ میں پکڑے جا چکے ہیں اور بعض صورتوں میں وہ فلسطینی مجاہدین کے ہاتھوں گرائے جا چکے ہیں۔ اس ڈرون کا وزن 7 کلو ہے، یہ ڈیڑھ میٹر لمبا ہے، 40 کلومیٹر تک اڑ سکتا ہے اور ہر ایک ڈرون کی قیمت 50 ہزار ڈالر ہے۔