0
Tuesday 30 Jul 2024 12:05

مظفرآباد، مون سون بارشوں کا سلسلہ تیز

مظفرآباد، مون سون بارشوں کا سلسلہ تیز
اسلام ٹائمز۔ مون سون بارشوں کا سلسلہ تیز ہوتے ہی میئر میونسپل کارپوریشن سید سکندر نثار گیلانی کی ہدایت پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن صاحبزادہ ذوالفقار عالم نے میونسپل کارپوریشن کے ریپڈ ریسپانس سیل کو شہر کی صفائی ستھرائی سمیت ندی نالوں میں طغیانی اور پانی کے باعث ملبہ کی صفائی شروع کر دی ہے، جس کیلئے شہر بھر کو چار سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے جس پر خصوصی ٹیمیں سڑکوں پر آنے والے سیکڑوں ٹن ملبہ کی صفائی ستھرائی میں مصروف ہیں، شہریوں کی مشکلات کو کم کرنے اور سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن صاحبزادہ ذوالفقار عالم نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ شہر بھر میں سڑکوں کے کنارے بلڈنگ میٹریل شدید بارشوں کے باعث شہریوں کیلئے مشکلات بننے کے ساتھ ساتھ نالوں کی بندش کا باعث بن رہا ہے، شہری مون سون کے جاریہ سپل کے دوران سڑکوں پر میٹریل پھینکنے سے گریز کریں۔ انہوں نے ماکڑی، تگارہ، طارق آباد، جلال آباد، شوائی، گوجرہ نالہ کے گردونواح میں بسنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شدید بارشوں کے باعث شہر بھر میں موجود نالوں میں شدید طغیانی کا بھی خطرہ موجود ہے جو ذرائع آمدورفت میں مشکلات کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی کے عمل کو متاثر کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریپڈ ریسپانس سیل شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے 24 گھنٹے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔صاحبزادہ ذوالفقار عالم نے کہا کہ میئر میونسپل کارپوریشن سید سکندر نثار گیلانی کی ہدایات پر ریپڈ ریسپانس متحرک کردار ادا کرتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے جس میں ڈائریکٹر سینی ٹیشن سید شکیل گیلانی کی نگرانی میں بلدیہ کے ملازمین جانفشانی کے ساتھ کام کر رہے ہیں، شہری بلدیہ کے عملہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے جگہ جگہ کچرا پھینکنے کے بجائے مخصوص جگہوں پر پھینکیں۔
خبر کا کوڈ : 1150839
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش