اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پیغام ہے کہ دسمبر تک قوم الیکشن کیلئے تیار رہے۔ ملک احمد خان بھچر انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں افسوس ہوا کہ یہ ہمارے قائدین کیساتھ ظلم کر رہے ہیں۔ عمر سرفراز چیمہ کو ہسپتال بھیجنے کا جج کا حکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پیغام ہے کہ دسمبر میں قوم الیکشن کیلئے تیار رہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سوال آتا ہے کہ الیکشن پر خرچہ ہوگا، الیکشن پر خرچہ بہتر ہے اس قوم کا اس عذاب سے جان چھوٹ جائے گی۔ بانی پی ٹی آئی جلد جلسوں کا شیڈول دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پہلے دن سے بیانیہ ہے کہ ہم فوج کیخلاف نہیں۔ بانی پی ٹی آئی کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے اعلان کیا کہ پانچ اگست سے نئی تحریک شروع ہو گی۔ ہماری لیڈرشپ اسلام آباد میں کال کر رہی ہے۔ بانی پی ٹی آئی اپنی ذات کی حد تک کہتے ہیں میں انتقام نہیں لوں گا، مگر جنہوں نے قوم کو اس حال تک پہنچایا ان کا حساب ہو گا۔