0
Tuesday 30 Jul 2024 15:15

تمام اسلامی ممالک کے تعاون سے مسلمانوں پر ظلم و ستم کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، ڈاکٹر مسعود پزشکیان

تمام اسلامی ممالک کے تعاون سے مسلمانوں پر ظلم و ستم کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، ڈاکٹر مسعود پزشکیان
اسلام ٹائمز۔ یمن کی قومی نجات حکومت کے ترجمان "محمد عبدالسلام" اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے تہران میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے گزشتہ شب نو منتخب صدر ڈاکٹر "مسعود پزشکیان" سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام اسلامی ممالک کے باہمی اتحاد سے مسلمانوں پر مسلط ظلم و ستم کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یمن و ایران کے درمیان تعلقات کو مشترکہ اور ناقابل تسخیر ثقافت و نظریات پر مبنی قرار دیا۔ انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ فلسطینی عوام کی حمایت کے سلسلے میں یمن کے اقدامات نہایت اہم اور موثر تھے۔ ان اقدامات نے صیہونی رژیم اور اس کے حواریوں پر واضح دباؤ ڈالا۔ ایرانی صدر نے کہا کہ زمانے کے جابروں کے سامنے یمنی عوام کی استقامت قابل قدر اور قابل ستائش ہے۔ انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ ایران و یمن کے مابین تعلقات آنے والے زمانے میں مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد و یگانگت اسلامی ممالک کی طاقت کو مزید بڑھاتی ہے۔ اگر تمام اسلامی ممالک آپس میں اتفاق کر لیں تو امت مسلمہ کے دشمن اپنے منصوبوں میں ناکام ہو جائیں گے۔

دوسری جانب اس ملاقات میں محمد عبدالسلام نے ایران اور یمن کے درمیان ان برادرانہ تعلقات کو وسیع و گہرا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ مشترکات دوطرفہ مستحکم تعلقات کی تشکیل کا باعث بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یمن نے مظلوم فلسطینی عوام کے دفاع اور تمام امت اسلامی کے مفاد میں غیرت مندانہ موقف اختیار کیا۔ یہی بات یمن کے حوالے سے دشمن کے نقطہ نظر میں تبدیلی کا سبب ہے۔ دشمن اب یمن کو ایک بااثر علاقائی قوت سمجھتا ہے۔ محمد عبدالسلام نے مزید کہا کہ یمن کا مضبوط موقف، خداوند متعال کے فضل کے بعد ہماری عوام کی استقامت اور اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت و یکجہتی کے سبب ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی مفادات کے لئے ہمارا تعاون مزید بڑھے گا۔ یمن کی قومی نجات حکومت کے ترجمان نے کہا کہ مشترکہ چیلنجز کے مقابلے میں مختلف شعبوں میں تہران و صنعاء کے درمیان تعاون مزید بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج یمن کے پاس مختلف مسائل سے نمٹنے کی صلاحیت موجود ہے جو شاید دوسری ممالک کے پاس نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ یمنی عوام اس مقام تک اپنے راسخ ایمان اور عقائد کی وجہ سے پہنچی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1150893
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش