اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے سندھ میں 20 لاکھ سے زائد مینگرووز لگائے گئے۔ آصف علی زرداری سے دولت ِمشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کی قیادت میں وفد کی ملاقات ہوئی۔ صدر مملکت نے موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، پارلیمانی تبادلوں، قدرتی آفات کے شعبوں میں مضبوط تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، پارلیمانی اداروں، خاص طور پر نوجوان پارلیمنٹرینز اور طلبہ کے مابین روابط بڑھانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی اداروں، خاص طور پر نوجوان پارلیمنٹرینز اور طلبہ کے مابین روابط بڑھانا ہوں گے، پاکستان دولت مشترکہ کا بانی رکن ہونے کے ناطے تنظیم کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ ملاقات میں پاکستان پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے بہت نقصان اٹھانا پڑا، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے سندھ میں 20 لاکھ سے زائد مینگرووز لگائے گئے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں کاربن کریڈٹ کی تجارت سے 27 ملین ڈالر کمائے گئے، سندھ حکومت نے 2022ء کے سیلاب کے پیش نظر 20 لاکھ پائیدار مکانات کی تعمیر شروع کر دی ہے۔ سیکرٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سے منسلک بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے تنظیم کے پاکستان کے ساتھ متحرک تعاون پر روشنی ڈالی۔ صدر مملکت نے 2022ء کے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں پاکستان کے لیے پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ کی خدمات کو سراہا۔