0
Wednesday 31 Jul 2024 10:18

اسماعیل ہانیہ ایک عظیم مجاہد اور فریڈم فائٹر تھے، مشاہد حسین سید

اسماعیل ہانیہ ایک عظیم مجاہد اور فریڈم فائٹر تھے، مشاہد حسین سید
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت فلسطینیوں کیلئے المیہ ہے، ان کی شہادت پر ہم فلسطینی عوام کے دکھ میں شریک ہیں، وہ ایک عظیم مجاہد اور فریڈم فائٹر تھے۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد جنگ بڑھنے کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے، طوفان الاقصیٰ آپریشن کے آغاز کے بعد یہ فلسطینیوں کے لیے سب سے بڑا دھچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 35 سالوں میں اسرائیلی ایجنسی موساد نے فلسطین کے عظیم مجاہدین کو شہید کیا ہے، 1988 میں الفتح کے لیڈر ابوجہاد کو تیونس میں اور 2004 میں حماس کے بانی شیخ احمد یاسین کو غزہ میں شہید کیا گیا اور اب اسماعیل ہنیہ کو بھی شہید کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ان کے 3 بچوں کو بھی شہید کیا گیا۔ واضح رہے کہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق حماس نے اسماعیل ہنیہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے، وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے ایران گئے تھے۔ حماس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تہران میں اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ شہید ہوئے، حملے میں ان کا ایک محافظ بھی شہید ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1151035
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش