اسلام ٹائمز۔ ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکومت کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اپنی کابینہ کے وزراء کو اسماعیل ہنیہ کے قتل کے حوالے سے خاموش رہنے کا حکم دیا ہے۔ فارس نیوز کے مطابق اسماعیل ہنیہ کے قتل کے بعد المیادین چینل نے صیہونی حکومت کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی ایک ہدایت کی خبر دی ہے۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے ایک بیان میں اعلان کیا کہ فلسطین کی بہادر قوم، ملت اسلامیہ، مزاحمتی محاذ کے مجاہدین اور ایران کی معزز قوم کے ساتھ تعزیت و تسلیت کے ساتھ یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ آج صبح اسلامی مزاحمت حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ جناب ڈاکٹر اسماعیل ہنیہ کی رہائش گاہ کو تہران میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہ اور ان کا ایک محافظ شہید ہوگئے ہیں۔ المیادین نیٹ ورک کے مطابق نیتن یاہو نے صیہونی حکومت کی کابینہ کے وزراء کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کی خبروں پر تبصرہ نہ کریں۔