0
Wednesday 31 Jul 2024 10:38

انتخابی عمل حریت کانفرنس کے آئین کے مطابق منعقد کیا گیا، محمود ساغر

انتخابی عمل حریت کانفرنس کے آئین کے مطابق منعقد کیا گیا، محمود ساغر
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سابق کنوینر محمود احمد ساغر نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے یہ ایک معمول رہا ہے کہ حریت کانفرنس کے منشور کے مطابق ہر دو سال بعد کنوینر، سیکرٹری اور سیکرٹری اطلاعات کے عہدوں کے لئے انتخابات باقاعدگی سے منعقد کیے جاتے ہیں۔ ذرائٰع کے مطابق محمود ساغر نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کئی برس سے عہدہ داروں کو جمہوری طریقے سے منتخب کرنے کی یہ روایت جاری ہے اور اس میں کچھ نیا یا غیر معمولی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے انتخابات سے قبل، انہیں بھی کنوینر کے طور پر دیگر عہدہ داروں کے ساتھ منتخب کیا گیا تھا۔ دو سال کی مدت پوری کرنے کے بعد، انہوں نے خود نئے کنوینر کے انتخاب کے لئے انتخابات کا اعلان کیا۔ محمود ساغر نے کہا کہ بعض ساتھیوں نے انہیں دوبارہ انتخابات میں حصہ لینے پر اصرار کیا تھا لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ درحقیقت انتخابی عمل حریت کانفرنس کے آئین کے مطابق منعقد کیا گیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بعض لوگ اپنے ایجنڈے کو پورا کرنے کے لئے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے کی روک تھام کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو حقائق سے آگاہ کریں تاکہ وہ کسی بھی قسم کی غلط معلومات کا شکار نہ ہوں۔ محمود ساغر نے مزید کہا کہ حریت کانفرنس کی داخلی جمہوریت ایک مضبوط اور شفاف نظام پر مبنی ہے جو کہ ہر دو سال بعد نئے عہدہ داروں کے انتخاب کو یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس عمل سے نہ صرف تنظیم کی جمہوری قدروں کی عکاسی ہوتی ہے بلکہ اراکین اور حامیوں کے درمیان اعتماد اور شفافیت کو بھی فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات ہمیشہ حریت کے آئین اور منشور کے مطابق منعقد کیے جاتے ہیں اور ان میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا غیر قانونی طریقے کی گنجائش نہیں ہے۔

انہوں نے حریت کانفرنس کے تمام اراکین اور حامیوں کو یقین دلایا کہ تنظیم کا مقصد صرف مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کرنا ہے۔ محمود ساغر نے کہا کہ بعض عناصر جان بوجھ کر حقائق کو مسخ کرکے تنظیم کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہمیں اس پروپیگنڈے کا بھرپور مقابلہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس کے انتخابات کی روایت کو برقرار رکھنا تنظیم کی مضبوطی اور جمہوری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے حریت کے تمام اراکین سے اپیل کی کہ وہ اپنے اتحاد اور یکجہتی کو مضبوط کریں اور تنظیم کے مقاصد کے حصول کے لئے بھرپور جدوجہد کریں۔
خبر کا کوڈ : 1151040
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش