اسلام ٹائمز۔ عراقی پاپولر موبلائزیشن آرگنائزیشن نے بدھ کی صبح کہا کہ 47ویں بریگیڈ کے مقام پر میزائل حملے کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے۔ فارس نیوز کے مطابق عراقی "الحشد الشعبی" تنظیم نے بدھ کی صبح "جرف النصر" میں ہونے والے دھماکے کی وضاحت کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کی شام 21:30 پر (عراق کے وقت)، الجزیرہ آپریشن میں 47ویں بریگیڈ فورسز کے مقام، جرف النصر سیکٹر/السعیدات کے علاقے میں، ایک نامعلوم نوعیت کا دھماکہ ہوا۔
عراقی میڈیا کے مطابق الحشد الشعبی نے کہا ہے کہ 47ویں بریگیڈ کے مقام پر ہونے والے دھماکے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے اور کہا کہ ہم آپ کو مزید تفصیلات فراہم کریں گے۔ اس بیان کے تسلسل میں یہ ذکر کیا گیا ہے کہ دستیاب معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ بابل صوبے کے شمال میں 47ویں بریگیڈ کے دو گشتی دستوں کو ڈرون سے داغے گئے میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ اسی دوران عراقی پولیس کے ذرائع نے خبر رساں ایجنسی "رویٹرز" کو بتایا کہ بغداد کے جنوب میں الحشد الشعبی کے اڈے پر 3 دھماکوں کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔