0
Wednesday 31 Jul 2024 11:44

5 اگست تاریخ کشمیر کا ایک المناک باب ہے، محمود ساغر

5 اگست تاریخ کشمیر کا ایک المناک باب ہے، محمود ساغر
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے سابق کنوینر محمود احمد ساغر نے کہا ہے کہ 5 اگست جموں و کشمیر کی حالیہ تاریخ کے بدترین اور المناک بابوں میں سے ایک ہے۔ ذرائع کے مطابق محمود احمد ساغر نے آج اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہا کہ 5 اگست 2019ء کو مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت نے زبردستی کشمیریوں کے تمام سیاسی، سماجی، مذہبی اور بنیادی حقوق چھین لئے جس کی وجہ سے کشمیری اس دن کو ”یوم استحصال” کے طور پر مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے لیے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کشمیر کی منفرد شناخت پر حملہ ہے اور اس کا مقصد جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ حریت رہنما نے کہا کہ بھارت کی ظلم و جبر کی پالیسیاں کشمیری عوام کو ان کا ناقابل تنسیخ حق حاصل کرنے سے نہیں روک سکتیں۔ انہوں نے ایران میں ایک حملے میں حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کے قتل کی بھی مذمت کی اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنمائوں مشتاق احمد بٹ اور محمد سلطان بٹ نے دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ 5 اگست کو بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کریں اور دنیا کی توجہ کشمیری عوام کی حالت زار کی طرف مبذول کرائیں۔
خبر کا کوڈ : 1151068
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش