اسلام ٹائمز۔ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ آج بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ادا کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام میونسپلٹی گراؤنڈ کوئٹہ میں فلسطینی رہنماء اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ جس کی امامت امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کی۔ نماز جنازہ میں جماعت اسلامی و دیگر تنظیموں کے ذمہ داران، شہریوں، علمائے کرام اور نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے فلسطین حماس لیڈر مجاہد رہنماء اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید کی مغفرت، درجات کی بلندی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت بہت بڑے بہادر مجاہد، انقلابی قائد کی شہادت ہے۔ اسرائیل ناجائز، دہشت گرد ہے۔ مسلم حکمران، اقوام عالم کو اس پر شدید ررعمل دکھانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ اور ان کے خاندان و حماس نے فلسطینی عوام کیلئے ناقابل بیان قربانیاں دے کر پورے خاندان کو راہ جہاد اور اسرائیلی مظالم رکھوانے، فلسینی عوام کو آزادی دلانے کیلئے قربان کر دیا۔ ہم اہل فلسطین، مجاہدین حماس و کفری قوتوں کے خلاف جہاد کا نعرہ بلند کرنے والے مجاہدین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں حافظ نور علی، عبدالمتین اخوند زادہ و دیگر مقررین نے کہا کہ حماس کے رہنماؤں و مجاہدین نے اسماعیل ہنیہ کی قیادت میں فلسطین کی آزادی، یہودیوں کی سازشوں و دہشت گردی رکھوانے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے مختلف اوقات میں خاندان، بچوں، اہلیہ سمیت سب کچھ قربان کر دیا۔ اسماعیل ہنیہ، ان کے خاندان اور مجایدین کی قربانیاں ضرور رنگ لے آئے گا۔ اسرائیل کی دہشت گردی ختم ہوگی اور امت مسلمہ کو دیانت دار قیادت ملکر اسلامی حکومتوں میں اسلامی نظام کی راہ ہموار ہوگی۔ اسماعیل ہنیہ کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔ کفار، یہود و نصاریٰ کے مظالم ختم ہوں گے اور فلسطین آزاد ہوگا۔