0
Wednesday 31 Jul 2024 21:28

اسماعیل ہنیہ کی شہادت، کراچی میں غائبانہ نماز جنازہ، ہزاروں افراد کی شرکت

اسماعیل ہنیہ کی شہادت، کراچی میں غائبانہ نماز جنازہ، ہزاروں افراد کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ اسرائیل کے غاصبانہ قبضے سے انبیاء کی سرزمین فلسطین و قبلہ اول کی آزادی کی جدوجہد اور اہل فلسطین کی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ جماعت اسلامی کے تحت نیو ایم اے جناح روڈ پر امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی کی امامت میں ادا کی گئی۔ نمازجنازہ میں شہر بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ محمد حسین محنتی، امیر کراچی منعم ظفر خان و سکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی نے نماز جنازہ کے شرکاء سے خطاب کیا۔شرکاء میں زبردست جوش وخروش دیکھنے میں آیا اور اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اور پرجوش نعرے لگائے جن میں ”نعرے تکبیر اللہ اکبر، انقلاب انقلاب اسلامی انقلاب، مبارک مبارک شہادت مبارک، تیری میری آرزو شہادت شہادت، خون رنگ لائے گا انقلاب آئے گا، ہنیہ تیرے خون سے انقلاب آئے گا، رائیگاں نہ جائے گا خون رنگ لائے گا“ شامل تھے۔ شرکاء نے فلسطین و جماعت اسلامی کے جھنڈے اور اسماعیل ہنیہ کی تصاویر والے پلے کارڈ ز اٹھائے ہوئے تھے۔ اس موقع پر خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

محمد حسین محنتی نے نماز جنازہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن یوم شہادت اور یوم عزم کا دن ہے، ہم پاکستان سمیت مسلم حکمرانوں اور اسلامی ممالک کی افواج سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اہل غزہ و فلسطین کے ساتھ کھڑے ہوجائیں اور ان کی مدد کریں، اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات و پیش قدمی کریں، حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ امت مسلمہ کے سربراہ تھے، ان کی شہادت کا بدلہ لینا ہم سب پر فرض ہے، جماعت اسلامی نے مہنگی بجلی، آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں اور عوام دشمن بجٹ کے خلاف کراچی میں بھی تحریک شروع کردی ہے، گورنر ہاوس پر دھرنا لازمی دیا جائے گا اور مسائل حل نہ ہونے تک احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام کی معراج جہاد ہے، اسلام کی سر بلندی اور دین کی ترویج جہاد سے ہی ممکن ہوئی، افغانستان نے پہلے روس اور پھر امریکہ کے خلاف جہاد کیا، 8 اکتوبر سے اہل غزہ و فلسطینی مسلمان اسرائیل کے خلاف جہاد کررہے ہیں، فلسطین کا جہاد جاری ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اعلان کیا کہ جمعہ 2 اگست کو شہر بھر کی تمام مساجد میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی، حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ فرد کا نام نہیں بلکہ تحریک کا نام ہے، اسرائیل بزدلانہ حرکت کرکے سمجھتا ہے کہ اسلامی تحریک کا راستہ رک جائے گا، حماس کی تحریک رک نہیں سکتی بلکہ مزید آگے بڑھے گی، اسرائیل نے فلسطین کو قبرستان بنادیا اس کے باوجود فلسطینی ایمان کی بدولت استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں، اسرائیل کے سرپرستوں کے سارے منصوبے اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں نے خاک میں ملا دیئے ہیں، فلسطین کی آزادی کی تحریک پورے یورپ میں پھیل چکی ہے اور پورا یورپ Free Free Palestine کے نعرہ لگا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1151168
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش