0
Wednesday 31 Jul 2024 22:24

اسمعیل ہنیہ المعروف ابوالعبد کون تھے؟

اسمعیل ہنیہ المعروف ابوالعبد کون تھے؟
اسلام ٹائمز۔ سربراہ سیاسی بیورو حماس اسمعیل ہنیہ ملقب بہ ابو العبد سال 1963ء میں پیدا ہوئے جو 60 سال کی عمر میں فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے اعلی رہنماؤں میں سے ایک تھے۔

6 مئی 2017ء کے روز وہ حماس کے سیاسی دفتر کے نئے سربراہ اور خالد مشعل کے جانشین بنے۔

اسمعیل ہنیہ کی ذاتی زندگی
اسمعیل عبدالسلام احمد ہنیہ ملقب بہ ابو العبد، 29 جنوری 1963ء کے روز غزہ کے الشاطی کیمپ میں پیدا ہوئے۔ نقل مکانی سے قبل ان کے خاندان کی زندگی کا اہم مقام عسقلان کا گاؤں الجورہ تھا۔ 

تعلیم 
شہید اسمعیل ہنیہ نے اپنی ابتدائی و ثانوی تعلیم غزہ کے الشاطی کیمپ میں اقوام متحدہ کی ذیلی ایجنسی انروا (UNRWA) اسکولوں میں حاصل کی۔ انہوں نے اپنی ہائی اسکول کی تعلیم غزہ کے دینی مدرسے الازہر سے مکمل کی اور سال 1981 میں غزہ کی اسلامی یونیورسٹی میں داخلہ لے لیا جہاں وہ اسلامی انجمن کے رکن بنے۔

وہ 1983ء سے 1984ء تک یونیورسٹی کی طلبہ کونسل کے رکن اور 1985ء سے 1986ء تک یونیورسٹی کی طلبہ کونسل کے صدر بھی رہے۔

انہوں نے غزہ کی اسلامی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ایجوکیشن سے عربی میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔

جلا وطنی
فلسطینی قوم میں بیداری و جہادی آگاہی کی ترویج کے باعث اسمعیل ہنیہ کو غیرقانونی صیہونی رژیم کی جانب سے 17 دسمبر 1992ء کے روز حماس و الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے 415 رہنماؤں و کارکنوں کے ہمراہ جنوبی لبنان کے علاقے مرج الزہور میں جلاوطن کر دیا گیا۔

ناکام ٹارگٹ کلنگ
اسمعیل ہنیہ نے غیرقانونی اسرائیلی رژیم کی جانب سے اپنے اوپر ہونے والے ناکام قاتلانہ حملے کی تفصیلات یوں بیان کی ہیں؛
6 ستمبر 2003ء کے روز ہم شیخ احمد یسین کے ہمراہ ڈاکٹر مروان ابو راس سے ملنے گئے ہوئے تھے۔ پھر جب ہم نے ان کے گھر پر دوپہر کا کھانا کھایا تو اچانک ہی ایک اسرائیلی ایف سولہ (F-16) طیارے نے اس جگہ بمباری کر دی کہ جہاں ہم موجود تھے۔ چھت گر گئی اور ہر طرف دھواں اور گردوغبار پھیل گیا۔ اللہ کا شکر ہے کہ ہم گھر سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے اور اللہ نے ہمیں اور ڈاکٹر ابو راس کے خاندان کو بچا لیا۔ 

سرگرمیاں و  عہدے
شہید اسمعیل ہنیہ مندرجہ ذیل ذمہ داریوں پر کام کرتے رہے:
- غزہ کی اسلامی یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے سابق سیکرٹری
- اسلامی یونیورسٹی غزہ کے انتظامی امور کے سابق سربراہ 
- غزہ کی اسلامی یونیورسٹی کے سابق اکیڈمک ڈائریکٹر
- اسلامی یونیورسٹی غزہ کے سابق ٹرسٹی
- دیگر فلسطینی گروہوں و فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ گفتگو کے لئے حماس کی اعلی مذاکراتی کمیٹی کے رکن
- اعلی انتفاضہ کمیٹی میں حماس کی نمائندگی
- شیخ احمد یسین کے آفس سیکرٹری
- تحریک حماس کی سیاسی قیادت کے رکن
- غزہ کی اسلامی جمعیت کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سابق رکن
- 10 سال تک جمعیت اسلامی غزہ کلب کے سربراہ بھی رہے
خبر کا کوڈ : 1151185
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش