0
Wednesday 31 Jul 2024 22:21

ظالمین جان لیں کہ شہید اسماعیل ھنیہ کا انتقام لیا جائیگا، علی اکبر احمدیان

ظالمین جان لیں کہ شہید اسماعیل ھنیہ کا انتقام لیا جائیگا، علی اکبر احمدیان
اسلام ٹائمز۔ آج جمہوری عربی شام کے وزیراعظم "حسین عرنوس" سے اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی کے سربراہ "علی‌ اکبر احمدیان" نے ملاقات کی۔ اس موقع پر علی اکبر احمدیان نے دونوں ممالک کے درمیان خصوصی اور اسٹریٹجک تعلقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران و شام کی اقوام امریکہ و صیہونی رژیم کے دشمنانہ اور سازشی اقدامات کے سامنے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے شام میں بدامنی سمیت تمام کی مسائل کی جڑ صیہونی قبضے اور امریکہ کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شامی عوام کی مشکلات کا خاتمہ امریکی قبضے کے خاتمے سے ہی ممکن ہے۔ اس دوران ایران کی قومی سلامتی کے سربراہ نے صیہونی رژیم کے جارحانہ اقدام کے نتیجے میں حماس کے پولیٹیکل بیورو چیف "اسماعیل ھنیہ" کی شہادت کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسماعیل ھنیہ کی شہادت بیت المقدس کی آزادی اور فلسطینی عوام کی جدوجہد میں اہم و موثر قدم شمار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس خون کا حساب لیا جائے گا۔

علی اکبر احمدیان نے اس بات کی وضاحت کی کہ آج ساری دنیا نے صیہونی رژیم کے قبضے اور فلسطینی عوام کی آزادی کی تحریک کی نوعیت کو جان لیا ہے۔ انہوں نے ایران اور شام کے مابین اقتصادی روابط کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات میں وسعت کی ضرورت پر زور دیا۔ دوسری جانب شام کے وزیراعظم نے ایران کے نئے صدر ڈاکٹر "مسعود پزشکیان" کو صدر کا حلف اٹھانے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے صیہونی رژیم کی حماقت کے نتیجے میں اسماعیل ھنیہ کی شہادت کی پرزور مذمت کی۔ حسین عرنوس نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ایرانی حکومت و عوام کو تعزیت پیش کی۔ انہوں نے اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے اور مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے شامی حکومت و قیادت کے عزم کی نشان دہی کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی و سرکاری سیکٹر کو اقتصادی و تجارتی شعبے میں ماضی کی نسبت زیادہ فعال ہونا چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 1151191
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش