اسلام ٹائمز۔ حزب اللہ اور صیہونی حکومت کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد امریکی اور برطانوی بحری جنگی جہاز مقبوضہ فلسطین کے ساحل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ فارس نیوز کے مطابق جنوبی لبنان کی تازہ ترین صورتحال، صیہونی حکومت کی نقل و حرکت اور حزب اللہ و صیہونی حکومت کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے نتیجے میں امریکی اور برطانوی بحری جنگی جہاز مشرقی بحیرہ روم میں مقبوضہ علاقوں کے ساحلوں کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ گارڈین اخبار نے اس حوالے سے خبر دی ہے کہ آج مشرقی بحیرہ روم میں امریکی طیارہ بردار بحری جہاز "تھیوڈور روزویلٹ" موجود ہے، جو ابھی ابھی خلیج فارس میں داخل ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹرومین گروہ جمعے کو ورجینیا سے روانہ ہوا تھا اور بحیرہ احمر کے راستے بحیرہ روم کو عبور کرنے والا ہے، تاہم اس کا صحیح منصوبہ ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔ رپورٹس بتاتی ہیں کہ برطانوی اور امریکی بحری جنگی جہاز آبنائے جبلالطارق سے گزرے ہیں۔ حالیہ دنوں میں صیہونی حکومت نے لبنان اور مغربی ایشیائی علاقے میں اپنی نقل و حرکت اور جارحیت میں شدت پیدا کر دی ہے اور لبنانی ذرائع نے منگل کی شام کو بیروت میں ایک زبردست دھماکے کی آواز سنی ہے۔ ان ذرائع نے بتایا کہ صیہونی حکومت نے ایک فضائی حملے کے دوران بیروت کے جنوبی مضافات کو نشانہ بنایا۔