اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر پولیس کے اینٹی رائٹ فورس کے پہلے 100 رکنی دستہ کی پاسنگ آوٹ تقریب مظفر آباد پولیس ٹریننگ سکول میں منعقد ہوئی۔ پاسنگ آوٹ پریڈ میں موسٹ سینئر منسٹر کرنل (ر) وقار احمد نور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ تقریب میں چیف سیکرٹری آزاد حکومت دائود محمد بڑیچ، انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر عبدالجبار، کمانڈر فائیو اے کے برگیڈ، کمشنر مظفر آباد ڈویژن سردار عدنان خورشید سمیت ڈی آئی جی صاحبان سمیت اہم عسکری و سول شخصیات نے شرکت کی۔ اینٹی رائیٹ فورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور نے کہا کہ امن و امان ہماری ترجیح اول ہے۔ اے آر ایف فورس کے قیام کا بنیادی مقصد خلاف قانون مجمع کو قانون و آئین کے دائرے میں کنٹرول کرنا ہے۔ پولیس کی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔ پولیس عوام کے تحفظ کے لیے عملی کردار ادا کر رہی ہے۔ پولیس کی مشکلات کا احساس ہے، حکومت پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ انھوں نے کہا کہ پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کو پولیس کی مشکلات کا احساس ہے۔ انھوں نے کہا کہ پولیس کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس کے وسائل میں اضافہ بھی کریں گے۔