اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ تحریک آزادی فلسطین کے ہیرو اسماعیل ہنیہ کی المناک شہادت پر پوری امت مسلمہ سوگوار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی اور صوبائی رابطہ سیکرٹری سید گلزار علی شاہ کے ہمراہ درگاہ فتح پور شریف کے سجادہ نشین سید سرفراز علی شاہ حسینی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صاحب زادہ سید یونس علی شاہ حسینی اور سید علی رضا شاہ و دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ غزہ فلسطین کی بہادر قوم نے مسجد اقصٰی اور بیت المقدس کی آزادی کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ سرزمین فلسطین اور شہید اسماعیل ہنیہ پر اسرائیلی حملہ پوری امت مسلمہ پر حملہ ہے۔ تحریک آزادی فلسطین کے ہیرو اسماعیل ہنیہ کی المناک شہادت پر پوری امت مسلمہ سوگوار ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید سرفراز علی شاہ حسینی نے کہا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم نے پوری دنیا کے انسانوں کو سوگوار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اولیائے کرام کا پیغام محبت امن، بھائی چارے اور انسانیت کا پیغام ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سہیل اکبر شیرازی نے کہا کہ ضلع جھل مگسی کی سرزمین پر جنم لینے والے بزرگ قبلہ سید رکھیل شاہ حسینی اور سائیں چیزل شاہ کا امن، اخوت اور انسانیت پر مبنی پیغام پورے ملک تک پہنچا۔ انہوں نے اپنی شاعری میں اہل بیت علیہم السلام سے محبت اور مودت کا پیغام دیا۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے سجادہ نشین درگاہ فتح پور شریف سید سرفراز علی شاہ حسینی اور ان کے فرزند ارجمند سید یونس علی شاہ کو کتاب کا تحفہ پیش کیا۔