اسلام ٹائمز۔ بلوچستان میں محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے سیکرٹری نے مبینہ طور پر بلوچستان اسمبلی کی خاتون رکن اسمبلی سے بدتمیزی کی ہے۔ جس پر اپوزیشن نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ مختلف ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی بلوچستان نے نیشنل پارٹی کی خاتون رکن اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ سے بدتمیزی کی ہے۔ کلثوم بلوچ نے اس حوالے سے مقامی خبر رساں ارادے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیکرٹری کام کرنے کی بجائے بدتمیزی پر اتر آئے۔ خبر رساں ادارے نے اس معاملے کی مکمل تفصیلات تاحال نشر نہیں کی ہے۔ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بھی رکن اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بیوروکریسی بے لگام ہوچکی ہے۔ سیکرٹری ایس اینڈ جی ڈی نے مجھ سے بد تمیزی کی ہے۔ سیکرٹری بدمعاشی کر رہے ہیں۔ سیکرٹری کو طلب کرکے ایم پی اے سے بدتمیزی کے حوالے سے پوچھا جائے۔ دوسری جانب بلوچستان اسبملی میں سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی کی خاتون رکن اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ سے مبینہ بدتمیزی کے خلاف اپوزیشن نے اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اسمبلی سے احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔