اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف نے اپوزیشن جماعتوں سے ملکر گرینڈ الائنس بنانے کا اعلان کر دیا۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مہنگے پاور پلانٹس پیپلزپارٹی اور نون لیگ کی غلطی ہے۔ موجودہ حکومت عوام اور اداروں کے درمیان فاصلے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے۔ عمر ایوب نے کہا کہ فلسطین میں مسلمانوں کا قتل عام ہو رہا ہے، اسرائیلی اقدامات سے مسلمانوں میں غم و غصہ بڑھ رہا ہے۔ مغربی ممالک اسرائیل کی جانب سے قتل عام پر کیوں خاموش ہیں۔؟ 5 اگست کو صوابی جلسے کے ذریعے عوام بانی پی ٹی آئی سے محبت کا ثبوت دیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ 5 اگست کو صوابی میں بھرپور جلسہ کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پیغام ہے 5 اگست کو عوام صوابی پہنچیں۔ موجودہ حکومت اداروں اور عوام کے درمیان فاصلے بڑھا رہی ہے، جب تک ان پر کیسز تھے، ملک نہیں آئے، این آر او ملا تو واپس آگئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس تبدیل ہوئے تو نواز شریف واپس آگئے۔ توشہ خانہ سے متعلق کیسز کو سننا چاہیئے اور میرٹ پر فیصلہ کرنا چاہیئے۔ بشریٰ بی بی کو کن کیسز میں جیل میں رکھا گیا ہے۔؟ ان کا کیا جرم ہے۔؟ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ آئندہ 2 ہفتے میں گرینڈ الائنس بنانے جا رہے ہیں۔ گرینڈ الائنس کیلئے تمام جماعتوں سے رابطے اور مشاورت ہوگی۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں۔ یہ ملک آئین اور قانون کے مطابق چلے گا۔