اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ نے منتخب نمائندوں کو بارش میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کا حکم دیتے ہوئے صوبے کے 30 اضلاع میں وزرا، مشیر اور معاون خاص کو انچارج مقرر کر دیا۔ وزیر آبپاشی و خوراک جام خان شورو کو حیدرآباد، وزیر زراعت و کھیل سردار محمد بخش خان مہرگھوٹکی، ناصر شاہ سکھر اور خیرپور، سردار شاہ عمرکوٹ، ضیا لنجار نوشہرو فیروز اور وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو کو نوابشاہ کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ یہ تمام وزرا، مشیران، خصوصی معاونین اور ایم پی ایز جن کو اضلاع میں بارش کی ہنگامی صورتحال کی نگرانی اور امدادی سرگرمیاں انجام دینے کیلئے ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔
محمد علی ملکانی کو سجاول، علی حسن زرداری ٹھٹہ، سعید غنی ایسٹ کراچی، سید ذوالفقارعلی شاہ میرپورخاص، شاہینہ شیر علی ڈسٹرکٹ سینٹرل کراچی، وقار مہدی ضلع ساؤتھ اور ویسٹ اور مخدوم محبوب الزمان کو مٹیاری کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے حکومتی نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں چلے جائیں، جہاں انہیں امدادی سرگرمیوں کا کام سونپا گیا ہے اور انہیں مسلسل صورتحال سے آگاہ رکھیں۔