اسلام ٹائمز۔ حکومتِ سندھ نے محکمہ ٹرانسپورٹ اور کمرشل گاڑیوں کی ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ اور ذیلی اداروں ایس ایم ٹی اے، پی ٹی اے، آر ٹی اے اور ٹرانس کراچی کی بھی ڈیجیٹلائزیشن کا کام شروع کر دیا گیا۔ صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت کراچی میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو محکمہ ٹرانسپورٹ اور کمرشل گاڑیوں کی ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دوران اجلاس شرجیل انعام میمن نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن سے ایک سافٹ ویئر کے تحت پی ٹی ایز کو آپس میں جوڑا جا رہا ہے، جس کے بعد بین الصوبائی روٹ پرمٹس کا بھی باآسانی پتہ چل سکے گا۔
سینیئر وزیر نے کہا کہ روٹ پرمٹس کے اجرا اور تجدید کے نظام کو آن لائن کیا جا رہا ہے، ڈیجیٹلائزیشن سے ٹرانسپورٹر حضرات آن لائن روٹ پرمٹس اپلائی اور ری نیو کروا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ روٹ پرمٹس، فٹنس سرٹیفکیٹ، باڈی میکرز کے پرمٹ کے اجراء کو آسان بنانے کیلئے آن لائن کیا جا رہا ہے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عوامی شکایتی مرکز بھی قائم کیا جائے گا اور سیکریٹریٹ میں تمام معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔ سینیئر وزیر شرجیل انعام نے ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن کے نظام پر ہر پندرہ دن میں پیشرفت اور رپورٹ دینے کی ہدایات جاری کیں۔