0
Friday 2 Aug 2024 10:37

 ایران فلسطین کی آزادی کی تحریک کا بڑا پشتی بان ہے، یہ ایران کے خلاف سازش ہے، لیاقت بلوچ 

 ایران فلسطین کی آزادی کی تحریک کا بڑا پشتی بان ہے، یہ ایران کے خلاف سازش ہے، لیاقت بلوچ 
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ فلسطین کے عظیم رہنما، حماس کے سیاسی وِنگ کے سربراہ اسماعیل ہانیہ شہادت کا عظیم رتبہ پاگئے، اسماعیل ہانیہ عظیم مجاہد رہنما، جرات و استقامت کا استعارہ اور آزادی و مزاحمت کی تحریکوں کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اسماعیل ہانیہ کے خاندان کے بیشتر افراد شہید ہوگئے لیکن ان کے ماتھے پر مایوسی یا ملال نہ آیا۔ آج وہ خود شہادت پاگئے، ایرانی صدر کے بعد ان کی شخصیت ہی تقریب کی مقبول ترین شخصیت تھی۔ ایران میں ٹارگٹ بناکر اسماعیل ہانیہ کو شہید کرنا بڑی گہری سازش ہے کہ فلسطینیوں کے حوصلے پست ہوں۔ ایران جو فلسطین کی آزادی کی تحریک کا بڑا پشتی بان ہے، اس کے خلاف سازش اور عالمِ اسلام کے درمیان ازسرِنو نئے تفریق اور تفرقہ کی سازش ہوسکتی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت عالمِ اسلام میں نئی لہر پیدا کرے گی۔ فلسطین کے عوام اور زیادہ عزم، ہمت اور جوش و جذبے کے ساتھ اپنے وطن کی آزادی کے لیے مزاحمت جاری رکھیں گے، ایران اور عالمِ اسلام کے خلاف سازش ناکام ہوگی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ شہید اسماعیل ہانیہ سے کئی ملاقاتیں ہوئیں، وہ ہمیشہ پرعزم تھے اور پختہ یقین رکھتے تھے کہ القدس آزاد ہوگا۔ فلسطینی کبھی بھی اسرائیلی غلامی قبول نہیں کریں گے اور زندگی کے آخری لمحے تک مزاحمت جاری رکھیں گے۔ اسماعیل ہانیہ نے اپنا عہد سچ کر دکھایا اور شہادت کی عظیم منزل پاگئے۔ عالمِ اسلام بیدار ہو اور جان لے کہ امریکی سرپرستی میں اسرائیلی دہشت گردی سے کوئی محفوظ نہیں۔ اسماعیل ہانیہ کی شہادت نہ پہلی شہادت ہے اور نہ آخری شہادت۔ حماس پوری ثابت قدمی اور مضبوطی کیساتھ صیہونی ظلم و ستم اور نسل کشی کے خلاف غزہ اور دیگر فلسطینی علاقوں میں جذبہ جہاد سے سرشار ہوکر اپنی آزادی کی جدوجہد کے لیے قربانیاں دے رہی ہے۔ حماس کے پاس بڑی قیادت موجود ہے، وہ اس خلا کو بھی پر کرلیں گے۔ 
 
خبر کا کوڈ : 1151471
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش