اسلام ٹائمز۔ امریکہ کی فضائی کمپنیوں نے اسرائیل کیلئے پروازیں معطل رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا کی فضائی کمپنی ڈیلٹا ایئر لائنز نے اپنی اسرائیل جانے والی پروازوں کی معطلی میں توسیع کر دی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈیلٹا ائیر لائن کمپنی نے اسرائیل کے لیے پروازوں کی معطلی میں 31 اکتوبر تک توسیع کر دی جب کہ ایک اور فضائی کمپنی امریکنز ایئرلائنز نے آئندہ برس 29 مارچ تک کوئی بھی پرواز اسرائیل نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ یہ توسیع اس وقت کی گئی ہے جب ایران نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بدلے میں اسرائیل پر حملے کے دھمکیاں دی ہوئی ہیں۔ حماس اور حزب اللہ بھی انتقامی کارروائی کا عندیہ دے چکے ہیں۔ ایران کی جانب سے انتقامی کارروائی کے اعلان کے بعد دنیا کی دیگر فضائی کمپنیوں نے اسرائیل کیلئے پروازیں معطل کر دی ہیں۔