اسلام ٹائمز۔ وائٹ ہاوس نے جمعہ کی صبح اطلاع دی کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے غزہ میں جنگ بندی کے بارے میں فون پر بات چیت کی۔ فارس نیوز کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ بائیڈن نے نیتن یاہو کے ساتھ اسرائیل کے دفاع کی حمایت میں امریکہ کی فعال اور مسلسل کوششوں پر گفتگو کی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ بائیڈن نے نیتن یاہو کے ساتھ فون پر بات چیت کرتے ہوئے جنگ بندی معاہدے کی تکمیل اور یرغمالیوں کی آزادی کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے قاہرہ میں آئندہ مذاکرات کے بارے میں بھی گفتگو کی، جن کا مقصد جنگ بندی معاہدے میں باقی ماندہ رکاوٹوں کو دور کرنا ہے۔ وائٹ ہاوس نے وضاحت کی کہ بائیڈن نے نیتن یاہو کو غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی معاہدے پر پہنچنے اور یرغمالیوں کو واپس لانے کی ضرورت پر زور دیا۔