اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف سید عاصم منیر سے ہاورڈ بزنس سکول کے طلبہ کے وفد نے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ آرمی چیف سید عاصم منیر سے ہاورڈ بزنس سکول کے چوالیس (44) رکنی وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان کے مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران آرمی چیف نے موجودہ سکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں تعلیم، مثبت سوچ کی اہمیت پر روشنی ڈالی، پاکستان کے وسیع پوٹینشل پر بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ وفد کے شرکاء ذاتی تجربات کی روشنی میں اپنی رائے قائم کریں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کے اہم کردار پر گفتگو ہوئی، دہشتگردی کے خلاف اقدامات اور جمہوری اقدار کے فروغ کے عزم کے حوالے سے بھی آگاہی دی گئی، آرمی چیف نے عصر حاضر کے سکیورٹی چینلجز سے نمٹنے کیلئے تعلیم اور تعمیری سوچ پر زور دیا۔ آرمی چیف نے پاکستان میں موجود مواقعوں کے حوالے سے متعلق بھی بات چیت کی۔ آرمی چیف نے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا میں جعلی خبروں اور غلط معلومات سے خطرات لاحق ہیں، انہوں نے طلبہ کو تعمیری سوچ کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لینے پر زور دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہاورڈ بزنس سکول کے طلبہ نے تعمیری بات چیت پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہاورڈ یونیورسٹی کے طلبہ کی ملاقات 20 اگست کو مختلف طلبہ سے رابطوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے، ملاقاتوں کا مقصد نوجوان نسل کو صورتحال سے آگاہی دینا ہے۔